جموں وکشمیر سے ایم پی جتیندرسنگھ نے کشمیرکو غیرمحفوظ بتایا
نئی دہلی، 28؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ کشمیر میں نوجوانوں کو مبینہ طورپر جہاد کے لیے مشتعل کرنے والے لوگوں نے اپنے بچوں کو محفوظ مقامات پر رکھا ہے اور نوجوانوں کو ایسے لوگوں کے بارے میں آگاہ کئے جانے کی ضرورت ہے جو ملکی اتحاد کو نقصان پہنچانے کے ذاتی مفاد کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ وادی کشمیر میں جاری بدامنی میں ہلاک ہونے والے لوگ غریب ترین طبقے سے تعلق رکھتے تھے۔جموں و کشمیر کے ادھم پور لوک سبھا سیٹ سے ممبر پارلیمنٹ سنگھ نے یہاں میڈیا کو بتایاکہ جن لوگوں نے مبینہ جہاد کے نام پر ان غریب لوگوں کو سامنے آنے اور اپنی جان دینے کے لیے بھڑکا یا ہے، انہوں نے اپنے بچوں اور خاندان کو محفوظ مقامات پر رکھ چھوڑا ہے۔وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت نے ان لوگوں کو لے کر سوال اٹھایا جو جنت کے نام پر جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو تشدد کی راہ اختیار کرنے کے لیے بھڑکارہے ہیں اور ان سے پوچھا کہ وہ اپنے بچوں کو جنت میں جانے کا موقع کیوں نہیں دے رہے ہیں؟انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جانی چاہیے اور مرکز تشدد بھڑکانے والوں کے خلاف کارروائی کو لے کر پرعزم ہے۔وزیر مملکت نے کہا، لیکن ساتھ ہی معصوم لوگوں خاص طور پر نوجوانوں اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سبھی طرح کے اقدامات اٹھائے جانے چاہیے ، ملک کے اتحاد کو تحلیل کرنے کے ذاتی مفاد کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں کے خلاف نوجوانوں کو بیدار کئے جانے کی ضرورت ہے کہ وہ ایسے لوگوں کے کہنے یابہکاوے میں نہ آئیں۔انہوں نے وادی کشمیر میں حالات کے جلد ہی معمول پر آنے کی امید ظاہر کی۔